25 اگست، 2026، 10:42 AM

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ایرانی صدر سے ملاقات؛

امریکہ کو ایران کے ساتھ تعامل میں اپنے لہجے اور رویے کو درست کرنا ہوگا، پزشکیان

امریکہ کو ایران کے ساتھ تعامل میں اپنے لہجے اور رویے کو درست کرنا ہوگا، پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر کی شام، پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی حکومت کی تعمیری اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مشترکہ عزم اور تعاون کے تسلسل کے ذریعے اسلام آباد معاہدے میں درج اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

صدر پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بین الاقوامی حقوق کے حوالے سے امریکہ کی اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ تعامل میں اپنے لہجے اور رویے کو درست کرنا ہوگا، کیونکہ دھونس اور طاقت کے بل بوتے پر بات منوانے کا رویہ صرف عملی مراحل کو مزید پیچیدہ بنا دے گا۔

ڈاکٹر پزشکیان نے ایرانی قوم کی ثابت قدمی اور مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت قدمی قومی اتحاد اور یکجہتی کی مرہونِ منّت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم اسی باہمی اتحاد اور یکجہتی کے سہارے ہر قسم کے دباؤ اور دھمکی سے سرخرو ہو کر گزر جائے گی۔

ڈاکٹر پزشکیان نے خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعامل و باہمی تعاون کو ایک بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی ممالک اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور سلامتی کے تمام شعبوں میں ہر قسم کے تعاون اور تعامل کے لیے تیار ہے، کیونکہ رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم ہمیشہ امن اور دوستی کا حکم دیتے رہے ہیں۔

ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد اور یکجہتی غاصب صیہونی حکومت اور اسلام دشمن عناصر کی سازشوں کے مقابلے میں سب سے اہم قوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ اتحاد اور ہم آہنگی قائم ہو جائے تو دشمن اپنے مذموم مقاصد کو آگے بڑھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

ڈاکٹر پزشکیان نے ملک کے اندر علاقائی امن و استحکام کے اہداف کے حصول کے لیے موجود اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطہ اور عالمِ اسلام مزید ترقی، عزت اور سربلندی کی جانب گامزن ہوگا۔

جنرل عاصم منیر: ہم سفارتی عمل کو پوری احتیاط کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں

ملاقات کے دوران پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے صدر پزشکیان کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے اور ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ سفارتی عمل کے تمام مراحل پر مکمل احتیاط اور باریک بینی کے ساتھ غور و خوض کیا جائے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے گہرے تاریخی، دینی اور ثقافتی مشترکات موجودہ پیچیدہ حالات سے نکلنے اور ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد کی کامیاب ثالثی کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اہم ثالثی کی حیثیت سے اپنا کردار پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا اور ہمارا یقین ہے کہ اس بحران کا خاتمہ، تعمیرِ نو، علاقائی ترقی اور اجتماعی سلامتی کے حصول کے لیے ہمہ گیر تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

News ID 1940855

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha